ممبئی جنوری (یو این آئی)ممبئی سے متصلہ تھانہ ضلع میں واقع تھانہ ۔احمد نگر شاہراہ پر ا یک اندوہناک سڑک حادثہ میں سرکاری بس کے کھائی میں گرنے سے 38 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے اس حادثہ میں 4 مسافر شدید طور سے زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت انتہائی نازک بتائی جارہی ہے۔
ہلاک شدگان میں 19 خواتین اور 18 مرد شامل ہے ،ریاستی وزیر اعلی پرتھوی راج چوہان نے اس اندو ہناک حادثہ پر اظہار غم کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپیہ سرکاری معاوضہ دیئے جانے کا اعلان کیا ہے جبکہ زخمیوں کے علاج کے مکمل اخراجات ریاستی حکومت ادا کریگی ۔
زخمیوں کا اطراف کی کلیان،مرباڑ اور دیگر سرکاری اسپتالوں میں علاج جاری ہے ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بس میں 38 سے 40 مسافر سوار تھے بس ڈرائیور نے اپنے آگے کی گاڑی کو اور ٹیک کر کے آگے بڑھنے کی کوشش کی اس دوران اس کا بس پر سے قابو کھو گیا اور توازن بگڑنے کے سبب بس پہاڑی سے نیچے گر گئی یہ حادثہ اس قدر خطرناک تھا کہ بس کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں موجود مسافروں کی شناخت بھی مشکل ہوگئی ہے
۔
مقامی تھانہ فائر بریگیڈ عملہ سمیت راحت رسانی کے محکموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر پھنسے ہوئے لوگوں کو جنگی پیمانے پر نکالنے کا کام شروع کردیا ہے ۔
اس حادثہ کے سبب تھانہ ۔ احمد آباد شاہراہ کی ٹریفک بری طرح سے متاثر ہو کر رہ گئی ہے اور یہاں ٹریفک نظام انتہائی سست ہوگیا ہے ۔
حادثہ کے بعد ٹریفک ، فائریگیڈ و دیگر محکموں نے مہلوکین کے رشتہ داروں سے رابطہ بھی شروع کردیا گیا ہے ۔
پولیس سے ملی اطلاع کے مطابق جن 4 مسافر کی حالت انتہائی نازک ہے ان کے رشتہ داروں کو بھی اس کی اطلاع دی گئی ہے اس کے علاوہ ایس ٹی مہامنڈل کے اعلی افسر بھی جائے وقوع پر پہنچ کر حادثہ کی وجہ معلوم کر نے میں مصروف ہے ۔ ایس ٹی مہا منڈل یہ بھی معلوم کر رہی ہے کہ جس وقت یہ حادثہ ہوا اس وقت گاڑی کتنی تیزی میں تھی ۔ جیسے ہی بس کھائی ( پہاڑی ) میں گری ایک شور و غلغلہ ہوا اور اطراف کے مکین و شہری بھی جمع ہوگئے ۔
اطلاعات کے مطابق بس کا ڈرائیور کشن ایک تجربہ کا ر ڈرائیور تھا نیز یہ حادثہ کس طرح سے رونما ہوا اس کی محکمہ جاتی تحقیقات کا ریاستی حکومت نے اعلان کیا ہے ۔